دلکشی شہرت بالی ووڈ کی ہیروئنیں نئی بلندیوں پر کروڑوں معاوضہ لینے لگیں

پہلے فلموں میں خواتین کا کردار محض رسمی ہوتا تھا مگر اب جزو لازم بن گئیں

ودیا بالن کے کئی کرداروں نے اداکارہ کے لیے نیا در کھولا، آج فلم میں زیادہ تر خاتون کا نظر آنا بھارتی معاشرے ہی کی عکاسی ہے: مہیش بھٹ فوٹو: فائل

بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ میں شروع سے لے کر آج تک فلموں میں خواتین کا ایک حصہ ضرور رہا ہے مگر اب دیکھا جا رہا ہے کہ موجود دور کی فلموں میں جس طرح خواتین کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

اس سے پہلے نہیں تھا۔ بہت سی ایسی فلمیں بن چکی ہیں جن میں خواتین کا مرکزی کردار نظر آتا ہے' اب تو نہ صرف اداکارائیں فلموں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ وہ اب فلم انڈسٹری میں بڑی شراکت دار کے طور پر بھی دیکھی جا رہی ہیں۔ جیسا کہ اس وقت سننے میں آ رہا ہے کہ دپیکا پوڈکون ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 7 کروڑ لے رہی ہیں اسی طرح بعض تو بالی ووڈ میں بھی اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔ دپیکا سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ''باجی راؤ مستانی '' میں کام کرنے کا معاوضہ 7 کروڑ وصول کر رہی ہیں۔ شوبز ٹریڈ کے تجزیہ کار وقاص موہن نے بتایا کہ دپیکا اس وقت سپر اسٹار کے طور پر 4 ہٹ فلمیں دے چکی ہیں اس لیے ان پر زیادہ پیسہ لگایا جا رہا ہے' قبل ازیں ایشوریا رائے نے 5 کروڑ کا چیک 2010ء میں وصول کیا تھا۔

ایک وقت تھا جب اداکارائیں محض اضافی طور پر فلموں میں رکھی جاتی تھیں اور انھیں صرف چند ایک کردار ہی دیے جاتے تھے مگر اب سینما میں خواتین کی عکاسی سے بڑی تبدیلی آگئی ہے' آج ہر کوئی یہ توقع کرتا ہے کہ ہیروئن نے فلم میں ڈرنک کیا' سگریٹ پی' بولتی کیسی ہے اور یہاں تک کہ اس فلم میں اسے مار بھی دیا جاتا ہے یا نہیں۔ ڈائریکٹر مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی آج کے معاشرے کی عکاس ہے' اور یہ سب بھارتی معاشرے کے طرز زندگی ہی کی عکاسی کرتی ہے۔




جیسا کہ مثال کے طور پر ودیا بالن کا ''ڈرٹی پکچر '' اور ''کہانی '' میں کردار اس معاشرے میں پسند کیا گیا حالانکہ ان فلموں میں کسی ہیرو کا کردار محض رسمی سا ہی ہے اور یہ سب کچھ تو اب کسی بھی فلم میکر کو کسی خاتون پر پیسہ خرچنے کے لیے اعتماد بخشتا ہے۔

اس کی ایک اور مثال دیکھئے کہ فلم ''پا '' میں ودیا بالن نے امیتابھ بچن کی ''ماں '' کا کردار نبھایا اسی طرح ''نو ون کلڈ جسیکا '' میں وہ ایک بہن بنی اور پھر اسی طرح ڈرٹی پکچر فلم میں بولڈ کردار کیا جب کہ فلم کہانی میں وہ ایک حاملہ خاتون کا کردار کرتی نظر آتی ہے' ودیا نے اپنے ان کامیاب کرداروں سے بالی ووڈ کی دنیا میں اداکاراؤں کو ایک نئی صبح دکھائی ہے۔ اسی طرح اب دیکھ لیجیے کہ فلم '' ہائی وے '' میں میری بیٹی عالیہ نے بھرپور اداکاری کی' شردھا کپور ایک اور نوجوان نام ہے جس نے ''عاعشقی ٹو'' اور پھر ''اک ولن '' میں خوب نام کمایا ہے۔

اس تناظر میں دیکھا جائے تو اب بننے والی فلموں میں خواتین کا ہونا ایک ضروری حصہ بن چکا ہے جسے شائقین بھی دیکھنے کو پسند کرتے ہیں' یہی وجہ ہے کہ اس وقت پریانکا چوپڑا 4 کروڑ' کترینہ کیف 5 کروڑ' کرینہ کپور 5 کروڑ' کنگنا رناوت 4 کروڑ' ودیا بالن 3 کروڑ' انوشکا شرما 3 کروڑ' شردھا کپور ڈیڑھ کروڑ' عالیہ بھٹ ڈیڑھ کروڑ ' پرینتی چوپڑا ڈیڑھ کروڑ تک کی بھاری رقم صرف ایک فلم کا معاوضہ وصول کر رہی ہیں۔
Load Next Story