آن لائن رائیڈر کو کچلنے والے ڈبل کیبن گاڑی کے ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج

منور خان  جمعرات 26 ستمبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: شہر قائد میں مبینہ ٹاؤن پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر موٹر سائیکل سوار رائیڈر کو ڈبل کیبن گاڑی سے کچل کر فرار ہونے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دو روز قبل آن لائن فوڈ رائیڈر کو وبل کیبن گاڑی نے کچلا اور پھر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔ اس واقعے کا مقدمہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں متاثرہ رائیڈر کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ سید اشعر علی نے پولیس کو بیان دیا ہے ان کی بہن نے 24 ستمبر کی صبح سوا چھے بجے کے قریب فون پر اطلاع دی تھی کہ گلزار نامی شخص نے اطلاع دی ہے کہ بھائی سید اطہر علی جو کہ فاسٹ فوڈ چین میں بحیثیت رائیڈر کام کرتا ہے اس کا ٹریفک حادثہ ہوا ہے جو کہ زخمی حالت میں گلشن اقبال میں قائم نجی اسپتال میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں اسپتال پہنچا تو شعبہ ایمرجنسی میں بھائی اطہر شدید زخمی حالت میں تھا جس کا علاج ہو رہا تھا اور اس کے سر اور جسم پر چوٹیں تھیں جسے بعدازاں وہ سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔

مدعی کے مطابق معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ میرا بھائی اطہر علی جو کہ گلزار نامی شخص کا آرڈر لیکر اس کے گھر جا رہا تھا کہ جب وہ صبح 6 بجے کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ شیل پمپ گلشن اقبال پہنچا تو مخالف سمت سے آنے والی سفید رنگ کر ریو رجسٹریشن نمبر کے ایکس 4999 کے نامعلوم ڈرائیور نے تیز رفتاری اور غفلت و لاپروائی سے چلاتے ہوئے میرے بھائی کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں میرا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

مبینہ ٹاؤن پولیس نے مدعی کے بیان کی روشنی میں ڈبل کیبن گاڑی کے نامعلوم ڈرایئور کے خلاف مخالف سمت سے آکر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کا مقدمہ نمبر 379 سال 2024 بجرم دفعات 337 جی ، 279 اور 427 کے تحت درج کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔