ملک کے بیشتر علاقوں میں آج پھر بادل برسنے کی پیش گوئی ہے جب کہ کئی مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر کے چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق مری اور گلیات سمیت راولپنڈی، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، لاہور، گجرات، جھنگ، خوشاب، فیصل آباد اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح قصور، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارش، جل تھل ایک ہوگیا
اُدھر خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے جب کہ شام کے اوقات میں تھر پارکر اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔