کینیڈین وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام؛ خطرہ ابھی ٹلا نہیں

اوٹاوہ: کینیڈا میں 9 سال سے بر سرا اقتدار لبرل پارٹی کی حکومت کو مقبولیت میں مسلسل کمی کا سامنا ہے تاہم اقلیتی حکومت اپنے پہلے بڑے امتحان میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے خلاف پیش گئی تحریک عدم اعتماد کی 120 ارکان نے حمایت کی جب کہ مخالفت میں 211 اراکین نے ووٹ دیا۔

تحریک اعتماد سے بچ جانے والی حکومت کی اقتدار پر گرفت اب بھی کمزور ہے۔ آئندہ ہفتوں میں مزید چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی کنزرویٹو نے حکومت کو گرانے کے لیے دوبارہ کوشش کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت کے لیے مسائل میں اُس وقت زیادہ اضافہ ہوا جب رواں ماہ کے آغاز پر بائیں بازو کی نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) اتحادی حکومت سے نکل گئی۔

جس کے بعد سے اپوزیشن لیڈر ملک میں فوری نئے انتخابات پر زور دے رہے ہیں جسے جسٹن ٹروڈو نے مسترد کردیا تو اپوزیشن نے تحریک اعتماد پیش کی تھی۔

کینیڈا میں کیے گئے رائے عامہ کے سروے بھی جسٹن ٹروڈو کی حکومت کے خلاف خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کی حکومت کو قومی قرض دگنا ہونے، رہائش کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور جرائم پر قابو پانے میں ناکامی پر تنقید کا سامنا ہے۔