پختونخوا میں پہلی بار بغیر سینہ کھولے ہارٹ سرجری کے بعد مائٹرل کلپ سرجری متعارف

مائٹرل کلپ سرجری کے دوران لیک والو میں کلپ لگا کر مریض کے دل کی حالت کو فعال کیا جاتا ہے

(فوٹو: فائل)

پختونخوا میں پہلی بار بغیر سینہ کھولے ہارٹ سرجری کے بعد مائٹرل کلپ سرجری متعارف کرادی گئی۔


ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ٹاوی(بغیر سینہ کھولے سرجری) کے بعد مائٹرل کلپ سرجری صوبے میں پہلی بارمتعارف کرا دی۔ سرجری میں پی آئی سی ٹیم کے ساتھ برطانیہ سے ایبٹ کمپنی کے مائٹرل کلپ تھیراپی کے ماہر ڈرمٹ بوئل نے بھی نے حصہ لیا۔



یہ خبر بھی پڑھیں: پشاورانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جدید ترین طریقہ علاج کا حامل جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا


اسسٹنٹ پروفیسر انٹروینشنل کارڈیالوجی پی آئی سی ڈاکٹر علی رضا کا کہنا ہے کہ مائٹرل کلپنگ طریقہ دل کے والو میں خون کے لیکیج کو روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔مائٹرل کلپ سرجری کے دوران لیک والو میں کلپ لگا کر مریض کے دل کی حالت کو فعال کیا جاتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں پہلی بار بغیر اوپن ہارٹ سرجری کے مائٹرل کلپ سرجری کی جا رہی ہے۔ اب تک پورے پاکستان میں اس نوعیت کے صرف 5 کیسز کیے جا چکے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ یہ سرجری ان مریضوں کے لیے ہے جن کی عمر زیادہ ہے اور اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں۔ مائٹرل کلپ سرجری پاکستان کے پڑوسی ممالک اور یورپین ممالک میں کافی عرصے سے کی جا رہی ہے۔


برطانوی ماہر ڈرمٹ بوئل نے بتایا کہ میں پی آئی سی ٹیم کا شکر گزار ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس سرجری کو پاکستان اور پھر صوبے میں متعارف کروایا۔ یہ تھیراپی مریضوں کو امراض قلب کی پیچیدگیوں سے بچانے کے لیے مفید ہے۔ پی آئی سی ایک بہترین ادارہ ہے اور امید ہے کہ یہاں کی بہترین ڈاکٹروں کی ٹیم اس طریقہ علاج کو جاری رکھے گی۔

Load Next Story