راولپنڈی میں دو دن کیلیے دفعہ 144نافذ، جلسوں اوراحتجاج پر پابندی

 راولپنڈی: حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی، رینجرز کی تعیناتی کیلیے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔  

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں دو دن کے لیے دفعہ 144  نافذ کردی گئی ہے،  پابندی کا اطلاق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال  میں ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان دو دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔  اس کے علاوہ اسلحہ رکھنے اور  اسلحے کی نمائش  کی بھی ممانعت ہوگی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے،  ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات  کی جائیں گی۔

محکمہ  داخلہ کے مطابق ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کا راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 28  ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی  نے جلسے کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔