راولپنڈی پولیس کی چھٹیاں منسوخ چھٹیوں پر گئے اہلکار فوری ڈیوٹی پر طلب

ڈیوٹی پر نہ پہنچنے یا غیر حاضر رہنے والے افسران و جوانوں کو ملازمت سے ڈسمس کردیا جائے گا، مراسلہ


ویب ڈیسک September 27, 2024
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں احتجاج سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی چھٹیاں اچانک منسوخ کرکے چھٹیوں پر گئے ہوئے افسران و جوانوں کو ہنگامی حالت میں ڈیوٹیوں پر واپس طلب کرلیا گیا۔

تحریک انصاف نے 28 ستمبر بروز ہفتہ راولپنڈی کے لیاقت باغ سمیت مختلف مقامات پر احتجاج کی کال دے رکھی ہے جس سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے گزشتہ شب سے تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں و متحرک کارکنوں کی گرفتاریوں یا انھیں احتجاج سے دور رکھنے کے لیے ان کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپوں اور ڈور ناکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ ہفتے کے اجتجاج سے نمٹنے اور امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ضلع بھر کی پولیس کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے پولیس افسران اور جوانوں کی چھٹیوں کی منسوخی کا مراسلہ ایس ایس پی آپریشن سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ حکام کو ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی کے علاوہ تمام اقسام کی چھٹیاں منسوخ کی جارہی ہیں لہذا چھٹیوں پر گئے افسران و جوان اپنے اپنے ایریا ، پوائنٹس و جائے تعیناتی پر آج ہی پر فوری رپورٹ کریں۔

مراسلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور لا اینڈ آرڈر کے لیے اپنی ڈیوٹی پر نہ پہنچنے یا غیر حاضر رہنے والوں کو ملازمت سے ڈسمس کردیا جائے گا لہذا احکامات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔