
نیویارک میں ایکسپریس نیوز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر پر بحیثیت مسلمان اور پاکستانی سر فخر سے بلند ہوگیا، وزیراعظم نے اسرائیلی پر مظالم کرنے والے ممالک کو سہولت کار قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے عالمی فورم پر فلسطین کا کیس تگڑے انداز سے لڑا، عرب ممالک کے وفود نے جب وزیراعظم کے منہ سے قرآنی آیت سنی تو کہا کہ جو فلسطین میں جاری مظالم پر خاموش ہیں وہ ممالک سہولت کار ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ مظالم نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا، مذمت کافی نہیں خونریزی کو روکنا ہوگا، وزیراعظم
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فلسطین اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے دل کی آواز پوری دنیا کے سامنے رکھی جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ شہباز شریف میرے بھائی آپ نے ہماری بہت مدد کی اور آواز اٹھائی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پورے ہال نے آج گواہی دی کہ پاکستان سے زیادہ فلسطین کیلیے کسی نے آواز بلند نہیں کی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عالمی طاقتوں کے سامنے واضح کردیا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان فیصلہ کن جواب دے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔