میسی کے زخمی دل پر ’گولڈن بال‘ کا مرہم لگا دیا گیا

گولڈن بوٹ پرجیمز روڈریگوئز کا قبضہ،گول کیپر مینوئیل نیور کو گولڈن گلوز ملے

گولڈن بوٹ پرجیمز روڈریگوئز کا قبضہ،گول کیپر مینوئیل نیور کو گولڈن گلوز ملے. فوٹو؛فائل

ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے باوجود ارجنٹائنی سپر اسٹار فٹبالر لیونل میسی خالی ہاتھ نہیں رہے۔

زخمی دل پر 'گولڈن بال' کا مرہم لگا دیا گیا، گولڈن بوٹ پر کولمبیا کے ٹاپ اسکورر جیمز روڈریگوئز کا قبضہ ہوا، جرمن گول کیپر مینوئیل نیور کو گولڈن گلوز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2014 اپنی تمام تر رنگینیوں کیساتھ ختم ہوگیا، جرمنی کو چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ 24 برس بعد پہلی مرتبہ ارجنٹائن کو فائنل میں لے جانے والے لیونل میسی کے دل پر گہری چوٹ آئی، مگر ذاتی طور پر ان کی پورے ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کو تسلیم کرتے ہوئے انھیں گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا۔


میسی کو چار مرتبہ ورلڈ پلیئرآف دی ایئر کا اعزاز حاصل ہے، اتوار کو انھوں نے اپنی ٹیم کوچیمپئن بناکر دنیائے فٹبال کے ٹاپ پلیئرز میں اپنا نام درج کرانے کی بھرپور کوشش کی مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا، اس بار ان کی فری کک بھی کسی کام نہیں آئی، ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں اپنی ٹیم کے 6 میں سے چار گولز میسی نے کیے، انھوں نے مسلسل چار مین آف دی میچ ایوارڈز بھی جیتے جو انھیں بوسنیا، ایران، نائیجیریا اور سوئٹزرلینڈ کے خلاف حاصل ہوئے۔ ارجنٹائن کے کوچ الیجاندرسبیلا نے کہاکہ میسی پہلے ہی نئی نسل کے عظیم ترین فٹبالرز میں شامل ہوچکے ہیں۔

انھیں ایونٹ کا بہترین فٹبالر قرار دینا بہترین کھیل کا اعتراف اور وہ حقیقت میں گولڈن بال ایوارڈ کے مستحق تھے۔ کولمبیا کے فارورڈ جیمز روڈریگوئیز ایونٹ میں 6 گولز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انھیں اس کاوش پر گولڈن بوٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جرمنی کے مینوئیل نیور نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے گول پوسٹ کی بے مثال حفاظت کی، انھیں ایونٹ کا بہترین گول کیپر قرار دیتے ہوئے گولڈن گلوز کا حقدار قرار دیا گیا۔ نیور نے کہاکہ یہ ہمارے لیے ایک انتہائی شاندار تجربہ ہے، ہم چیمپئن بن چکے اور اب طویل عرصے تک جشن مناتے رہیں گے۔
Load Next Story