اسرائیل کی بیروت میں بدترین بمباری حزب اللہ ہیڈ کوارٹرز اور حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیلی حملے میں متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اب تک 6 افراد جاں بحق ہوئے، ہر طرف افرا تفری اور چیخ و پکار


ویب ڈیسک September 27, 2024
فوٹو انٹرنیٹ

اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم حزب اللہ کے ہیڈ آفس سمیت مختلف مقامات پر بدترین بمباری کی جبکہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کو نشانہ بنایا گیا اور یہ حملے اُس وقت کیے گئے جب حزب اللہ کے کمانڈر مرکزی دفتر میں موجود تھے۔

اسرائیل کی جانب سے دعوی کے برعکس فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ متاثر ہوئے ہیں یا پھر محفوظ رہے جبکہ حزب اللہ کی جانب سے بھی اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت میں قائم ائیرپورٹ روڈ پر ایک مخصوص البرج نامی عمارت پر فضائی حملہ کر کے 10 سے زائد میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں چار عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ حملے میں اب تک دو افراد شہید ہوئے جبکہ مذکورہ مقام پر امدادی کاموں کیلیے ہلال احمر اور ریسکیو رضاکار پہنچ گئے ہیں۔

حملے کے مقام اور اطراف میں بڑی تباہی ہوئی ہے جس کے باعث اموات اور زخمیوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

اُدھر اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کی مرکزی قیادت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ عمارت کے زیر زمین حزب اللہ کا دفتر قائم تھا اور وہاں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ بھی موجود تھے۔


الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 5 روز کے دوران جاری فضائی حملوں میں یہ سب سے طاقتور حملہ ہے، جس کے نتیجے میں چار عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ہیں۔


اُدھر ایرانی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے سربراہ محفوظ رہے جبکہ اُن کے بارے میں مزید معلومات لی جارہی ہیں۔ خبررساں ادارے رائٹرز کو بھی حزب اللہ کے ایک کمانڈر نے تصدیق کی کہ حسن نصر اللہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔


امریکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ ہیڈکوارٹرزپر حملے میں شہادتوں کی تعداد چھ ہو گئی جبکہ اکانوے زخمی ہوگئے۔


امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کا ہدف حسن نصراللہ تھے اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکہ کو حملے سے لمحوں قبل آگاہ کیا اور جلد ہی دوبارہ جنوبی بیروت پر حملہ کریں گے کسی فوجی طیارے کو بیروت ایئرپورٹ پر اترنے نہیں دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں