حوثی باغیوں کی بن گوریان ایئرپورٹ پر نیتن یاہو کو نشانہ بنانے کی کوشش

ویب ڈیسک  اتوار 29 ستمبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

صنعا: یمن کے حوثی باغیوں نے نیتن یاہو کی آمد کے وقت تل ابیب کے ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل داغ دیا۔

یمن کے حوثی باغیوں کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے ہفتے کو ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل حملہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی آمد کے وقت کیا گیا تھا۔

حوثی رہنما نے کہا کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والا میزائل جسے ہفتہ کی شام تل ابیب کی طرف فائر کیا تھا اس کا وقت وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی اسرائیل میں لینڈنگ کا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ حسن نصراللہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے نیتن یاہو کے طیارے کے تل ابیب ہوائی اڈے پر اترنے کے کم از کم آدھے گھنٹے بعد میزائل داغا گیا تھا جس کو فضائی دفاع نے ملکی سرحدوں سے باہر ہی مار گرایا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد ہفتے کو اسرائیل واپس آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔