حزب اللہ کے سربراہ شہید حسن نصر اللہ کی لاش مل گئی

حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ کا اعلان جلد کیا جائے گا


ویب ڈیسک September 29, 2024
حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ کا اعلان جلد کیا جائے گا

اسرائیلی حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی لاش تباہ حال عمارت کے ملبے سے 24 گھنٹے بعد مل گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک طبی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ حسن نصر اللہ کی لاش ملبے سے نکال لی گئی۔

اندھا دھند بمباری کے باوجود حسن نصر اللہ کے جسد خاکی پر کسی بڑے زخم کا کوئی نشان نہیں تھا جس سے لگتا ہے کہ ان کی شہادت دھماکے کی شدت سے ہوئی تھی۔

حسن نصر اللہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم اب تک حزب اللہ کی جانب سے لاش کے ملنے اور ان کی نماز جنازہ کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں؛ اسرائیل نے حسن نصراللہ کو کسطرح شہید کیا

ادھر مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حسن نصر اللہ کی لاش ملنے کے بعد قائدین نے نماز جنازہ سے متعلق فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

گزشتہ روز حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ان کی شہادت کیسے اور کہاں ہوئی۔

یہ خبر پڑھیں : مشن ابھی مکمل نہیں ہوا، آنے والے دنوں میں مزید کچھ ہوگا؛ نیتن یاہو کی دھمکی

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حسن نصر اللہ کو حزب اللہ کے زیر زمین ہیڈ کوارٹر میں بنکر بسٹر بموں سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ان کے اہم ترین ساتھی کمانڈر علی کرک بھی مارے گئے۔

حزب اللہ نے عارضی طور پر نعیم قاسم کو اپنا عبوری سربراہ مقرر کردیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں