چند ہزار لوگ کروڑوں افراد کا مینڈیٹ تبدیل نہیں کرسکتے وزیراعظم نواز شریف

ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،80 اور 90 کی دہائی کی سیاست کا وقت اب نہیں رہا، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب


ویب ڈیسک July 15, 2014
زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ مالیاتی خسارہ کم ہوکر 4 فیصد رہ گیا، وزیراعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چند ہزار لوگ کروڑوں افراد کا مینڈیٹ تبدیل نہیں کرسکتے۔


اسلام آباد میں ٹیکس ادا کرنے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں بہتری کے آثار نظر آنا شروع ہوجائیں گے، زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ مالیاتی خسارہ کم ہوکر 4 فیصد رہ گیا اور ٹیکس کی وصولی میں 3 فیصد تک اضافہ ہوا، یوروبانڈز کیلئے توقع سے بڑھ کر 7 ارب ڈالرز کی پیشکشیں وصول ہوئیں ضرورت کے تحت آئندہ بھی یوروبانڈ جاری کریں گے۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے بجلی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، وسائل اجازت نہیں دیتے کہ بڑے بڑے کارخانے خود لگائیں تاہم چین کے تعاون سے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں اور خواہش مند افراد کو پیشکش کی ہے کہ چینی قرضے لے کر بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پورٹ قاسم میں 1300 میگاواٹ کے 2 کارخانے لگ رہے ہیں۔ تھر میں 600 میگاواٹ کا کارخانہ لگے گا، جامشورو میں بھی 1300 میگاواٹ کوئلے سےچلنے والا منصوبہ لگایا جائے گا۔ توقع نہیں کرنی چاہئے کہ 6 ماہ میں بجلی ختم کردی جائے گی، پہلے بھی واضح کیا تھا کہ اپنی مدت میں بجلی بحران کو ختم کردیں گے۔


اپنے خطاب کے دوران ملکی سیاسی صورتحال کا مختصر حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 80 اور 90 کی دہائی کی سیاست کا وقت اب نہیں رہا لیکن بدقسمتی سے اب بھی اسی طرز کی سیاست کی جارہی ہے،ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، قوم نے ہمیں مینڈیٹ دیا اور اب کام کرنے دیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کبھی کسی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش نہیں کی، ججز بحالی تحریک میں اگر ہمارا تخریبی ایجنڈا ہوتا تو گوجرانوالہ سے اسلام آباد جاتے لیکن ججز کی بحالی کے بعد یہ نوبت پیش نہیں آئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں