پاک سرزمین سے دہشتگردوں کو ختم کر کے دم لیں گے ڈی جی آئی ایس پی آر

آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں اب تک 447 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ 88 ٹھکانے بھی تباہ کئے،عاصم باجوہ


ویب ڈیسک July 15, 2014
آپریشن ضرب عضب میں اب تک 26 جوان شہید جب کہ 80 زخمی بھی ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر فوٹو: آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لے گی۔

ایکسپریس نیوز کے آفس میں شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے بنائے گئے خصوصی سیل میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں اب تک 447 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ ان کے 88 ٹھکانے تباہ کئے گئے ہیں، تازہ ترین کارروائی میر علی میں کی گئی جہاں علاقے کی کلیئرنس کے دوران دہشت گردوں سے دو بدو لڑائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اہم کمانڈر مطیع اللہ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں اب تک 26 جوان شہید جب کہ 80 زخمی بھی ہوئے ہیں اور 11 دہشت گرد ہتھیار ڈال چکے ہیں، دہشت گردوں کا ہتھیار ڈالنا اہم کامیابی ہے۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ شمالی وزیرستان دہشت گردی کا مرکز بن چکا تھا، دہشت گرد جدید ہتھیاروں سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں، میران شاہ بازار میں آئی ای ڈی مارکیٹ بھی قائم تھی، میران شاہ سے بارود کا ڈھیر اور 300 خود کش جیکٹس بھی ملی ہیں لیکن اب میران شاہ کا 80 فیصد حصہ کلیئر کرا یا جا چکا ہے اور میران شاہ بازار کو کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آپریشن کے باعث افغانستان ہجرت کرنے والے ایک ہزار خاندان واپس آچکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے لئے سب سے مشکل کام آئی ڈی پیز کو وہاں سے نکالنا تھا، شمالی وزیرستان کا پورا علاقہ خالی کرانے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا، لڑائی شروع ہوئی تو دہشت گردوں نے مزاحمت کی لیکن فوج نے میران شاہ کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کر لیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے بعد جلد آئی ڈی پیز کی واپسی کا حکم دیا ہے، آئی ڈی پیز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، آپریشن کے بعد فوج بحالی اور تعمیر کا کام بھی کرے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں