افغان صوبے پکتیا میں خودکش حملے میں 89 افراد ہلاک 40 سے زائد زخمی

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں بھی منہدم ہوگئیں جب کہ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے


ویب ڈیسک July 15, 2014
خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بازار میں لاکر دھماکے سے اڑا دی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

افغانستان کے صوبے پکتیا میں خود کش کار بم حملے میں 89 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بازار میں لاکر دھماکے سے اڑا دی جس کے نتیجے میں 89 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ چند عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ ضلعی گورنر محمد رضا خروٹی کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔


دوسری جانب ڈپٹی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبے تلے دبے افراد کو نکال کرقریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملے میں استعمال کی گئی گاڑی کے ٹکڑے اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔


اس سے قبل کابل میں سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے صدر حامد کرزئی کے میڈیا آفس کے 2 ملازمین ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں