میڈیا واچ ڈاگ درست پیشنگوئی کرنے کا نادر طریقہ

تو پھر کیا کہتے ہیں دوست فنکاری کا آغاز آج بلکہ ابھی سے نہ کردیا جائے؟ یا پھر رمضان گزرنے کا انتظار کیا جائے؟


عاقب علی July 15, 2014
اگر آپ بھی کامیاب پیشگوئی کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو بس ٹوئیٹر پر اپنا اکاونٹ کھولیں اور اپنے حصے کی عزت اور شہرت پائیں۔ فوٹو: فائل

تبصروں اور تجزئیے سے بھرپور تحریریں پڑھ کر ہمیں لکھنے والے پر رشک آتا ہے کیونکہ انہیں شہرت کے ساتھ دولت بھی ملتی ہے۔جس پر ہم سوچتے ہیں کہ کچھ ایسا لکھیں جو چند گھنٹوں یا دنوں میں تحریر کے مطابق ہوجائے اور لوگ ہماری دور اندیشی کے تذکرے کرکرکے ہمیں شہرت کی ان بلندیوں پر پہنچا دیں ،جن کی ہر کوئی بس خواہش ہی رکھتا ہے۔

اس حوالے جس بھی مصنف ، کالم نگار اور دانشور سے فون پر یا ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا تو سب ہی کا متفقہ جواب تھا کہ '' تسلسل کے ساتھ گہرا مطالعہ اور اردگرد کے معاملات کا باریکی سے جائزہ '' اچھی تجزیاتی تحریر کیلئے ضروری ہوتا ہے۔تجزیاتی تحریر اور چند قدم آگے کی پیشن گوئی کیلئے بھی یہ کام کافی ریاضت مانگتا ہے۔ مجھ سمیت بہت سارے لکھاری اس بات کو درست مانتے ہیں۔

ہم ویب سائٹ کی تشہیر نہیں کررہے ہیں،کیونکہ جن لوگوں کے فیس بک پر اکاؤنٹس ہیں ،ان کی بڑی تعداد پہلے ہی ٹو ئٹر سے وابستہ ہے۔ہم تو صرف انہیں یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال ، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے دوران اپنی سچی پیشن گوئیوں کا ڈھنڈورا پیٹ سکتے ہیں، اور غلط آرا کو مٹا بھی سکتے ہیں ، جس سے آپ کی تمام آرا درست ہی نظر آئیں گی ۔اور آپ کے سارے دوست انہیں درست پیشن گوئی مان لیں گے ۔بس اس کیلئے زرا سی تکنیک کا استعمال کرنا ہوگا ۔

آپ ٹوئٹر پر تازہ اکاوئنٹ بناکر اسے تمام دوستوں کیلئے لاک کردیں،اس طرح کی سرگرمی کو اکاونٹ کا تحفظ کہا جاتا ہے۔اس کے بعد اس اکاؤنٹ سے میچ، خبریا ایشو پر تبصرے اور تجزئیے اور پیشن گوئیوں کی سیریز چلادیں، آپ کے ہر کمنٹ پر ٹائم لائن اور ڈیٹ ترتیب سے آتا جائیگااور آپ کو ویسے بھی پتا ہے کوئی دوست فی الحال آپ کی ان اختراعات کو دیکھ نہیں رہا ہے۔بس پھرمیچ کے نتیجے کا انتظار کریں،خبر مزید نکھر کر آپ کے سامنے آئے یا ایشو کوئی اور رخ اختیار کرے۔اس کے بعد اپنے تمام وہ ٹوئٹ عوام کے سامنے پیش کردیں جن سے آپ کی پیشن گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں۔ تو پھر آپ لوگ بھی چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر پر ایک پیشن گوئیوں سے بھرپور اکاؤنٹ بناکر اپنے حصے کی عزت ، شہرت پائیں؟۔

بس ایک کام ساتھ ہی کرلیں کہ پیشن گوئیاں عوام کے سامنے پیش کرنے سے قبل اپنے غلط تبصرے ، تجزئیے اور پیشن گوئیاں پیج سے مٹا دیجئے گا ۔ورنہ ،سب کو آپ کی فنکاری کا پتا چل جائیگا ۔اور پھر حق میں آنے والے پیغامات کچھ اور ہی زبان میں بیان ہونگے۔اور آپ بات سمجھ گئے ہونگے ۔ تو پھر کیا کہتے ہیں دوست فنکاری کا آغاز آج بلکہ ابھی سے نہ کردیا جائے؟ یا پھر رمضان گزرنے کا انتظار کیا جائے؟۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں