کراچی میں جرمن اسکول کی ایک لاکھ مربع گز زمین سے قبضہ ختم کروانے کا حکم

  کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے جرمن اسکول اورنگی ٹاؤن کی ایک لاکھ مربع گز زمین پر قبضے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری کو اراضی سے قبضہ ختم کروانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو جرمن اسکول اورنگی ٹاؤن کی ایک لاکھ مربع گز زمین پر قبضے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے مؤقف دیا کہ جرمن اسکول کی زمین پر سرکاری سرپرستی میں قبضہ ہورہا ہے۔ انڈس اسپتال نے جگہ پر اسپتال اور کالج بنانے کی تجویز کے ایم سی کو دے رکھی ہے۔

عدالت نے چیف سیکریٹری کو اراضی سے قبضہ ختم کروانے کا حکم دیدیا اور ریمارکس دیئے کہ چیف سیکریٹری سندھ ماہر تعلیم کے ساتھ کمیٹی تشکیل دیں جو مذکورہ پلاٹ کے تعلیمی مقاصد کے لئے استعمال سے متعلق اپنی سفارشات پیش کرے۔ کمیٹی مذکورہ پلاٹ کو لیز پر حاصل کرنے والوں کو متبادل فراہم کرنے سے متعلق بھی طے کرے اور 3 ماہ میں اپنا کام مکمل کرکے عملدرآمد رپورٹ پیش کرے۔