ڈاکٹر ذاکر نائیک کل کراچی پہنچیں گے

اسٹاف رپورٹر  منگل 1 اکتوبر 2024
کراچی ائیرپورٹ پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ اور اساتذہ ان کا شاندار استقبال کریں گے

کراچی ائیرپورٹ پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ اور اساتذہ ان کا شاندار استقبال کریں گے

معروف عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک کل بدھ کو کراچی پہنچیں گے۔

کراچی ایئر پورٹ پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے طلبہ اور اساتذہ، گورنر کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ وہاں سے قافلے کی شکل میں وہ مقامی ہوٹل پہنچیں گے۔

بدھ کو ڈاکٹر صاحب جامعہ بنوریہ عالمیہ پہنچیں گے جہاں بنوریہ میں زیر تعلیم 74 ممالک کے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے ان کا پُرتپاک استقبال ہوگا جس کے بعد وہ علماء کرام اور اساتذہ سے ملاقاتیں اور طلبہ سے خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک جامعۃ الرشید اور کراچی کی دیگر معروف دینی جامعات کا دورہ کریں گے اور مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی  شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مفتی تقی عثمانی اور دیگر علمائے کرام و اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔ ذاکر نائیک 4 اکتوبر کو سرکاری ادارے کا دورہ کریں گے۔ امکان ہے کہ وہ اتوار کو مزارِ قائد پر تقریب سے خطاب کریں گے۔

وہ 7 سے 10 اکتوبر تک کچھ نجی ملاقاتیں اور پروگرام میں شرکت کریں گے۔ 11 اکتوبر کو ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی سے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔