پنجاب میں کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پنجاب کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے طلبہ کو لائسنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق یونیورسٹی و کالجز کے طلبہ سمیت انتظامیہ کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی بڑی تعداد بغیر لائسنس موٹرسائیکل اور گاڑیاں چلا رہی ہے، جو کہ حادثات کا سبب بنتی ہے۔ طلبہ اور فیکلٹی کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے پنجاب بھر میں خصوصی مہم کا اغاز کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے فوری ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر کی جامعات کی طرف سے فوکل پرسن بنائے جائیں گے۔ یونیورسٹیز اور کالجز انتظامیہ طلبہ کو ٹیسٹنگ مراکز پر پہنچائیں گے، جہاں ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے طلبہ کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کی جانب سے تعلیمی اداروں کو مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔