ٹھوڑی پر لان موور رکھ کر طویل فاصلہ طے کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ
اس سے قبل بنایا گیا سابق ریکارڈ 234 فٹ، 7 انچ تھا جو 2017 میں قائم کیا گیا تھا
سیریل ریکارڈ توڑنے والے ڈیوڈ رش نے اپنی ٹھوڑی پر لان موور (گھاس کاٹنے والی مشین) کو متوازن رکھ کر 1,178 فٹ، 5.73 انچ چل کر ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سب سے زیادہ ٹائٹلز کے حامل رش نے آئیڈاہو میں ایک ٹریک پر مذکورہ بالا ریکارڈ کو آزمانے کے لیے الیکٹرک لان موور کا استعمال کیا۔
اس سے قبل بنایا گیا سابق ریکارڈ 234 فٹ، 7 انچ تھا جو 2017 میں قائم کیا گیا تھا۔
رش نے کہا کہ پچھلے ریکارڈ کی حد کو پار کرنے کے بعد بھی وہ مزید آگے تک چلتے رہتے لیکن وہ ہواؤں سے نبردآزما تھے، آخر کار ہوا کے جھونکے نے ان کی ٹھوڑی سے لان موور غیر متوازن کردیا۔
رش کے ساتھ ساتھ چلنے والے ایک اسسٹنٹ نے مشین کے گرتے ہی بجلی منقطع کردی اور اسکے ساتھ ہی رش نے1,178 فٹ، 5.73 انچ کا فاصلہ طے کر کے سابق ریکارڈ کو توڑ ڈالا۔