آئی ایم ایف معاہدہ؛ وفاق نے ہمارا مطالبہ تسلیم کرلیا، مشیرخزانہ کے پی

ویب ڈیسک  منگل 1 اکتوبر 2024
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 پشاور: مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط کے لیے مرکز سے وزارتی کمیٹی کے قیام کی ضمانت مانگی ہے جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے رضامندی ظاہر کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے ترامیم پر 5 سے زائد سوالات اٹھائے جنھیں فنانس ڈویژن کو بھیجا گیا، وزارت خزنہ کی وضاحت کے باوجود صوبائی حکومت نے وفاقی وزیرخزانہ سے قومی اتفاق رائے کے لیے وزارتی کمیٹی کے قیام کی ضمانت لی جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے قومی مالیاتی معاہدے کے سلسلے میں وزارتی کمیٹی کے قیام پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ملکی مفاد میں مالیاتی معاہدے کے لیے پرعزم ہیں، اگر فنانس ڈویژن کی طرف سے فراہم کردہ کسی وضاحت سے کوئی انحراف ہوا تو اصلاحی اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔