بیرون ملک 9 شہریوں کے اغوا میں ملوث دو انسانی اسمگلرز مردان سے گرفتار

 پشاور: بیرون ملک 9 شہریوں کے اغواء کے معاملے میں انسانی اسمگلنگ اور اغواء میں ملوث دو انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل مردان کا وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ادارے نے انسانی اسمگلنگ اور بین الاقوامی سطح پر اغوا برائے تاوان میں ملوث دو انسانی ٹریفکرز  کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ان میں رحمت اللہ اور عمران شامل ہیں جنہیں مردان سے گرفتار کیا گیا، ملزمان بھاری رقوم کے عوض معصوم شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے، ملزمان نے یورپ بھجوانے کے نام پر شہریوں کوایران اور ترکی کے سرحدی شہر ماکو کے مقام یرغمال بنایا، ملزمان نے شہریوں سے فی کس 4 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، ملزمان مطالبات منوانے کے لیے اغواء شدہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اغوا ہونے والے شہریوں کو بھی انسانی اسمگلروں کے چنگل سے بازیاب کروالیا گیا، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔