آئی سی سی نے انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن پر لیول تھری کا چارج لگا دیا

جیمز اینڈرسن نے گزشتہ ہفتے کھیلےگئے پہلے ٹیسٹ میں بھارتی بلے باز رویندرا جدیجہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے


ویب ڈیسک July 15, 2014
جیمز اینڈرسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قراردیا ہے،انگلش کرکٹ بورڈ فوٹو:فائل

انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پر بھارتی کھلاڑی رویندرا جدیجہ سے جھگڑا کرنے پر آئی سی سی کی جانب سے لیول تھری کا چارج لگادیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی گورننگ باڈی کے مطابق جیمز اینڈرسن نے انگلینڈ اور بھارت کے درمیان گزشتہ ہفتے کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے پر جاتے وقت بھارتی بلے باز رویندرا جدیجہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے اور انہیں دھکا دیا، بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے ان کے اس رویے کے خلاف شکایت کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے گورننگ باڈی نے جیمز اینڈرسن پر قوانین کی خلاف ورزی پر لیول تھری کا چارج لگانے کا فیصلہ کیا جبکہ کرکٹ کونسل نے معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے اقدام پر انگلش کرکٹ بورڈ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے رویندرا جدیجا کے خلاف کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق جیمز اینڈرسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے جب کہ اس معاملے پر انگلش بورڈ جیمز اینڈرسن کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ لیول تھری کا چارج لگنے پر کھلاڑی کو 2 سے 4 ٹیسٹ یا 4 سے 8 ایک روزہ میچز میں پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم جیمز اینڈرسن پر پابندی معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد لگائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں