اسرائیل باز نہ آئے تو اقوامِ متحدہ طاقت کے استعمال کی سفارش کرے؛ ترک صدر

ویب ڈیسک  منگل 1 اکتوبر 2024
دکھ ہے، مسلم ممالک اب تک اسرائیل کے خلاف فعال کردار ادا کرنے میں ناکام رہے، اردوان

دکھ ہے، مسلم ممالک اب تک اسرائیل کے خلاف فعال کردار ادا کرنے میں ناکام رہے، اردوان

 انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے اسرائیل کی جارحیت پر مسلم دنیا اور اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر طیب اردون نے کہا کہ اگر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کو نہ روک سکے تو جنرل اسمبلی 1950 کی قرارداد کے تحت طاقت کے استعمال کی سفارش کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ مذکورہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اگر سلامتی کونسل کے ویٹو ممالک برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا کے درمیان اختلاف رائے ہو تو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔

ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے مسلم دنیا سے بھی مسلم دنیا سے اسرائیل کے خلاف اقتصادی، سفارتی اور سیاسی اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دکھ ہے، مسلم ممالک اب تک اسرائیل کے خلاف فعال کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ اگر اسرائیل کو غزہ اور لبنان میں حملوں سے نہیں روکا گیا تو وہ دیگر مسلم ممالک کو بھی نشانہ بنائے گا۔

واضح رہے کہ ترکیہ نے احتجاجاً اسرائیل کے ساتھ تمام تجارت معطل کردی ہے اور عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں شامل ہونے کی درخواست بھی دے رکھی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔