کراچی میں ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار زخمی

  کراچی: ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا پولیس نےواقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے دیا جبکہ ضیاء کالونی قبرستان کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سےقانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کےعلاقے مچھر کالونی کلپنا چوک کےقریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو موقع پر قتل کردیا اور فرار ہوگئے مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 23 سالہ واجد زمان ولد مالک زمان کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او ڈاکس نفیس الرحمن کے مطابق مقتول گلی میں پان کے کیبن کے قریب کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار2 کم عمر لڑکے آئے اور انہوں نے مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہوگئے مقتول کو ایک گولی سر اور 2 گولیاں سینے پر لگیں جو موت کا سبب بنیں، انہوں نے بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق  بنوں سے تھا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

مومن آباد تھانے کے علاقے ضیاء کالونی قبرستان کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ  سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 36 سالہ شاہ زادہ ولد رحم دل کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف کے مطابق زخمی ہونے والا شخص قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ہے اور ملزمان کی جانب سے تین فائر کیے گئے دو فائر زمین پر اور ایک فائر زخمی کے پیٹ میں لگا۔

واقعے کی نوعیت کےحوالے سے فل الفور کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔