دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی منگنی کی تصاویر کئی سالوں بعد وائرل

ویب ڈیسک  بدھ 2 اکتوبر 2024
دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو سانس میں تکلیف کے باعث انتقال کرگئے تھے : فوٹو : انسٹاگرام

دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو سانس میں تکلیف کے باعث انتقال کرگئے تھے : فوٹو : انسٹاگرام

 ممبئی: بھارت کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی بیوہ و سابقہ اداکارہ سائرہ بانو نے اپنی منگنی کی یادیں تازہ کردیں۔

سائرہ بانو آج 2 اکتوبر کو اپنی اور دلیپ کمار کی منگنی کی 58ویں سالگرہ کا جشن منا رہی ہیں، اس موقع پر اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی منگنی کی چند یادگار تصاویر پوسٹ کیں جس کے ساتھ محبت بھرا طویل نوٹ بھی تحریر کیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “محبت میں سوال نہیں کیے جاتے”، یہ جملہ میں نے اپنی فلم ‘ہیرا پھیری’ میں کہا تھا اور اب مجھے اس جملے کی اہمیت اور مطلب سمجھ آیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ محبت کی سب سے خالص ترین شکل یہ ہے کہ آپ کو اپنے محبوب پر اس قدر بھروسہ ہو کہ سوال کرنے کی ضرورت ہی ختم ہوجائے۔

مزید پڑھیں: سنجے دت مجھ سے شادی کرنا چاہتے تھے، سائرہ بانو کا انکشاف

سینیئر اداکارہ نے کہا کہ 2 اکتوبر 1966، یہ وہ ناقابلِ فراموش دن تھا جب میں نے اپنے سچے پیار دلیپ صاحب کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا، اس سفر کے دوران، میں نے کبھی دلیپ جی سے کوئی سوال نہیں کیا، ہمارے سفر میں حالات اچھے آئے یا بُرے، میں نے اُن سے کبھی کوئی شکوہ، شک یا سوال نہیں کیا، اُن سے صرف پیار کیا۔

سائرہ بانو نے کہا کہ محبت کی بنیاد پر ہی سب کچھ قائم ہوتا ہے، اگر بنیاد اچھی اور مضبوط ہوگی تو یہ آپ کو ہر قسم کے بوجھ، شکوک و شبہات یا توقعات سے آزاد کر دیتی ہے اور پیچھے صرف عقیدت رہ جاتی ہے۔

بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ اسی عقیدت میں اصلی محبت سامنے آتی ہے، ایک ایسی محبت جو ہمیشہ قائم رہنے والی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو نے 1966 میں 11 اکتوبر کو شادی کی تھی، اس وقت اداکار کی عُمر 44 برس جبکہ سائرہ بانو کی عُمر صرف 22 برس تھی۔

دُنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو سانس میں تکلیف کے باعث ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔