دورہ سری لنکا پروٹیز فتح کی 21 سالہ پیاس بجھانے کو بیتاب

پہلے ٹیسٹ کا آج آغاز، آملا کی قیادت میں جنوبی افریقی کرکٹ کے نئے دور کا آغاز


Sports Desk/AFP July 16, 2014
ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ابراہم ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ نہیں کرپائیں گے۔ فوٹو: فائل

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ بدھ سے گال میں شروع ہورہا ہے، پروٹیزآئی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز فتح کی 21 سالہ پیاس بجھانے کو بیتاب ہے۔

ہاشم آملا کی قیادت میں جنوبی افریقی کرکٹ کے نئے دورکا آغاز ہوگا، ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ابراہم ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ نہیں کرپائیں گے، دوسری جانب میزبان سائیڈ ون ڈے سیریز میں ناکامی کا حساب چکتا کرنے کیلیے پُرعزم ہے، مہیلاجے وردنے کیریئر کی سیکنڈ لاسٹ سیریز کھیلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے سری لنکا میں پہلی اور آخری مرتبہ 1990 کے پہلے دورے میں ٹیسٹ سیریز جیتی تھی،اس کے بعد 2سیریز میں ناکامی اورصرف ایک ٹیسٹ میچ میں فتح ملی، 2000 سے جنوبی افریقہ نے سری لنکا میں ایک بھی ٹیسٹ نہیں جیتا، اس بار وہ نئے کپتان ہاشم آملا کی قیادت میں برسوں پرانی یہ پیاس بجھانے کے لیے پُرعزم ہے، آملا کو گذشتہ ماہ گریم اسمتھ کی ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ سونپا گیا تھا، یہ ان کی پہلی آزمائش ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں ابراہم ڈی ویلیئرز ہیمسٹرنگ انجری کے باعث وکٹ کیپنگ نہیں کرپائیں گے، اس مقابلے میں کونٹین ڈی کاک کے ہاتھوں میں گلوز ہوں گے جبکہ ڈی ویلیئرز صرف بیٹنگ کریں گے۔ کپتان آملا نے کہاکہ ہم ڈی ویلیئرزکی انجری کومزید بگڑتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے وہ وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے،انھوں نے پریکٹس سیشن کے دوران بھی کیپنگ نہیں کی۔

دوسری جانب سری لنکا اپنے ہوم گرائونڈز کا بھرپور ایڈوانٹج حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ سے ایک روزہ مقابلوں میں ناکامی کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔ یہ مہیلا جے وردنے کے کیریئر کی سیکنڈ لاسٹ سیریز ہوگی، وہ پہلے ہی پاکستان سے ہوم سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ ہم جنوبی افریقہ اور پھر پاکستان سے ہوم سیریز میں فتح حاصل کرکے جے وردنے کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں