حکومت کچھ بھی کرلے، گنڈاپور کی سربراہی میں ڈی چوک پہنچیں گے، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت کچھ بھی کرلے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں ڈی چوک پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حواس باختہ جعلی حکومت نے ڈی چوک پر کنٹینر پہنچانا شروع کردیے ہیں۔ جعلی حکومت کچھ بھی کرلے ہم نے ڈی چوک پہنچنا ہے۔ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختون خوا کا قافلہ ڈی چوک پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت پولیس گردی کی حماقت نہ کرے۔ پچھلی بار وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا  نے بڑے دل کامظاہر کرکے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہاتھوں یرغمال پنجاب پولیس کے اہل کار چھڑوا دیے تھے، اس بار پولیس گردی کی غلطی کی تو ذمے دار خود ہوں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ نوجوان ڈی چوک احتجاج کے لیے پرجوش ہیں۔ جعلی حکومت کی رکاوٹیں پرجوش نوجوانوں کے جذبے کے آگے ریت کی دیواریں ثابت ہوں گی۔ مینڈیٹ چور حکومت کو زمیں بوس کرنے کا فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔