حکومت نے الیکشن میں دھاندلی کی شکایات پرتحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا

وزیراعظم سپریم کورٹ کے ججز پرمشتمل کمیشن کی تشکیل یا غیرجانبدار اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کرینگے


عامر خان July 16, 2014
وزیراعظم سپریم کورٹ کے ججز پرمشتمل کمیشن کی تشکیل یا غیرجانبدار اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کرینگے۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کرلیاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے الیکشن 2013 میں قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کیلیے مطالبہ کیا جارہا ہے اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی اس معاملے کی واضح حمایت میں بیان جاری کیاہے۔

اس معاملے کوقانونی طریقے سے حل کرنے کیلیے سپریم کورٹ کے حاضرسروس ججز پر مشتمل کمیشن کے قیام یاایک خود مختارریٹائرڈ ججز پرمشتمل کمیشن کی تشکیل کیلیے فوری طور پر وزارت قانون سے رائے طلب کی جائے گی،وزیرا عظم اس حوالے سے سپریم کورٹ کے ججز پرمشتمل کمیشن کی تشکیل کیلیے خط لکھنے یا غیر جانبدار اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تشکیل کاباضابطہ اعلان کریں گے،اس معاملے کو قانونی طریقے سے حل کرنے کے لیے وفاقی وزیر زاہد حامد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کابھی فیصلہ کیا گیاہے۔

اس کمیٹی میں سیکریٹری قانون ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید اورحکومتی قانونی ماہرین شامل ہوںگے،جو وزارت قانون کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری پرمشاورت کرکے وزیرا عظم کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے ،وزیر اعظم سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمن ،عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین سے بھی بات چیت کریں گے اورپہلے مرحلے میں سابق صدرآصف زرداری کے آئندہ چند روز میں وطن واپسی کے بعد ان کی وزیراعظم سے ملاقات کاباضابطہ شیڈول طے کیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں