زمین کا قبضہ نہ دینے پر ڈی جی اور کلکٹر پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو گرفتار کرنے کا حکم

 پشاور: زمین کا قبضہ نہ دینے کے کیس میں عدالت نے ڈی جی اور کلکٹر پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

زمین کے حصول کے لیے سول کورٹ پشاور میں دائر درخواست پر سماعت سول جج ملک احتشام الحق نے کی، جس میں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور کلکٹر پی ڈی اے کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا ڈی جی اور کلکٹر کو 6 ماہ کے لیے جیل بھیجنے کے علاوہ ان کی تنخواہ بھی روکنے کا حکم جاری کردیا۔

وکیل ناصر نعیم ایڈووکیٹ نے دورانِ سماعت مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے 2010/11 میں پی ڈی اے کو زمین دی تھی۔ درخواست گزار نے 176 کنال 6 مرلے زمین پی ڈی اے کو دی تھی، جس میں سے 60 کنال کو واپس کردیا۔ پی ڈی اے درخواست گزار کو 60 کنال کی زمین کا قبضہ نہیں دے رہی۔

وکیل نے بتایا کہ عدالت نے پی ڈی اے کو حکم دیا تھا کہ زمین کا قبضہ واپس کردے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کروا رہے۔

بعد ازاں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور کلکٹر پی ڈی اے کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔