سکیورٹی خدشات جنوبی وزیرستان اور ٹانک کی تمام عدالتیں ڈی آئی خان منتقلی کا حکم

سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، ججز اور جوڈیشل افسران کے اجلاس میں فیصلہ


ویب ڈیسک October 03, 2024
(فوٹو: فائل)

سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہائی کورٹ نے جنوبی وزیرستان اور ٹانک کی تمام عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔


ہائیکورٹ نے سکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی تمام عدالتیں ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، اس سلسلے میں تمام جوڈیشل افسران کو ڈی آئی خان میں کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کی بہتری تک عدالتیں ڈی آئی خان میں کام کریں گی۔ ٹانک اور وزیرستان میں ججز پر حملے اور دہشت گردی کے واقعات کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور دیگر ججز نے متفقہ طور پر اس کی منظوری دی ہے۔


فیصلے کے مطابق ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے تمام مقدمات اب ڈیرہ اسماعیل خان میں سنے جائیں گے۔ متعلقہ اضلاع کے جوڈیشل افسران کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ عدالتوں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں اس وقت امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں۔ سکیورٹی صورتحال حال کے مسائل جوڈیشل افسران کے امور میں پیش آ رہے ہیں۔ جوڈیشل افسران کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام مقدمات متعلقہ اضلاع سے ڈی آئی منتقل کردیے گئے ہیں۔


ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق جوڈیشل افسران اپنے مقدمات اب ڈی آئی خان میں سنیں گے۔ ان عدالتوں کی ٹانک اور جنوبی وزیرستان دوبارہ منتقلی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے سے مشروط کی گئی ہے۔


ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ،ہائیکورٹ ججز، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے جوڈیشل افسران کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں