سندھ میں پریمیم نمبر پلیٹس کیلیے پاکستان کی پہلی آن لائن نیلامی کا آغاز

 کراچی: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کی جانب سے پریمیم نمبر پلیٹس کے لیے پاکستان کی پہلی آن لائن نیلامی کا آغاز کردیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیلاب زدگان کے ہاؤسنگ پروجیکٹ کی فنڈ ریزنگ کے لیے پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں ہوگی۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ پراجیکٹ کو دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید عوامی خدمت کی جانب سفر میں حکومت سندھ کا ایک اہم قدم ہے۔ شہری خود کو ویب سائٹ پر رجسٹر کریں اور آن لائن نیلامی میں حصہ لیں تاکہ خصوصی نمبر پلیٹیں حاصل کی جا سکیں اور ایک نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ نیلامی کے شرکا ویب سائٹ premiumnumber.excise.gos.pk کے ذریعے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ خواہشمند افراد محکمہ ایکسائز کی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ نیلامی رجسٹریشن کے بعد 3 دن تک جاری رہے گی۔