با بہو اور بےبی کے اداکار کا بیٹے کے اسکول کے باہر سبزی بیچنے کا انکشاف
بیٹے نے اپنے ٹیچرز سے بھی درخواست کی کہ وہ مجھ سے سبزیاں خریدیں، بھارتی اداکار
بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے مقبول ڈرامہ سیریل 'با، بہو اور بےبی' کے اداکار راجیش کمار نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے قرضے میں ڈوبنے اور کاروبار میں لاکھوں کے نقصان کے بعد بیٹے کے اسکول کے سامنے سبزیاں فروخت کیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجیش کمار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میرا خاندانی پیشہ زمینداری ہے تو سال 2017 کی بات ہے کہ میں نے شوبز چھوڑ کر اپنے خاندانی پیشے کو بطورِ کاروبار آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
راجیش کمار نے کہا کہ شروعات میں تو میرے چند دوستوں نے یقین دلایا کہ وہ میرے گاہک بنیں گے لیکن پھر بعد میں سب ہی دوست بدل گئے تھے۔
اداکار نے کہا کہ شوبز چھوڑنے اور کاروبار کے فیصلے نے مجھے کروڑوں کا قرض دار بنا دیا تھا، میری ریاضی اچھی نہیں تھی جس کی وجہ سے حساب کتاب بھی ٹھیک سے نہیں ہوتا تھا تو مجھے اندازہ ہی نہیں ہوا کہ میں فی کلو سبزی پر 22 سے 25 روپے کا نقصان کررہا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے کمزور حساب کتاب کی بدولت مجھے تقریباََ 12 سے 15 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، میں پہلے سے ہی قرض دار تھا تو میں نے اپنے مالی مسائل کو ختم کرنے کے لیے ایک ایپ بنانے کا سوچا لیکن جس شخص سے ایپ بنوائی تو اُس نے بھی مجھے دھوکہ دیا اور پھر میں نے اپنا کاروبار بند کردیا تھا۔
راجیش کمار نے کہا کہ میرا کروڑوں کا نقصان ہوچکا تھا، پھر میں نے مجبور ہوکر اپنے بیٹے کے اسکول کے سامنے سبزی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ اُس وقت میرا بیٹا تیسری جماعت کا طالب علم تھا، بیٹے نے اپنے ٹیچرز سے بھی درخواست کی کہ وہ مجھ سے سبزیاں خریدیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کے اسکول کے سامنے سبزی فروخت کرکے ثابت کرنا چاہتا تھا کہ سبزیاں بیچنا معمولی کام نہیں ہے۔