ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد میں تقریب کے دوران اسٹیج چھوڑ کر چلے گئے

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اکتوبر 2024
یہ لڑکیاں میرے لیے نامحرم ہیں جنہیں میں شیلڈ نہیں دے سکتا، ڈاکٹر ذاکر نائیک

یہ لڑکیاں میرے لیے نامحرم ہیں جنہیں میں شیلڈ نہیں دے سکتا، ڈاکٹر ذاکر نائیک

  اسلام آباد: معروف عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب میں اسٹیج چھوڑ کر چلے گئے۔

یتیم بچوں کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جہاں انہوں نے گفتگو کی اور سوالات کے جواب دیے۔

پروگرام کے اختتام پر سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہاتھوں شیلڈ دلوانے کےلیے لڑکیوں کو اسٹیج پر بلایا تو ڈاکٹر ذاکر نائیک اسٹیج سے اتر گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لڑکیاں میرے لیے نامحرم ہیں جنہیں میں شیلڈ نہیں دے سکتا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسٹیج سے نیچے اتر کر لڑکوں کو شیلڈ دی۔

بعد میں زمرد خان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے انہیں کہا کہ آپ ان بچیوں کو چھو نہیں سکتے، کیونکہ یہ نامحرم ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک 30 ستمبر کو دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں دو روز قیام کے بعد وہ کراچی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ مختلف پروگرامز میں شرکت کریں گے اور اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔