اسرائیل کے فضائی حملے میں غزہ حکومت کے سربراہ اور 2 وزرا شہید

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک فضائی حملے میں غزہ کے عملاً وزیراعظم راحی مشتاحہ اپنے دو وزرا سمیت مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں غزہ میں ایک سرنگ کو نشانہ بنایا جس میں یہ چھپے ہوئے تھے۔

اسرائیلی فوج کے بقول درست ترین انٹیلی جنس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک مضبوط اور اسلحہ سے لیس زیر زمین کمپاؤنڈ میں قائم کمانڈ اور کنٹرول سینٹر میں یہ تینوں موجود ہیں۔

اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے راحی مشتاحہ غزہ کے عملاً وزیراعظم اور حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کے نہایت قابل اعتماد ساتھی بھی تھے اور دونوں نے اسرائیلی جیل میں کڑی قید بھی ساتھ کاٹی تھی۔

راحی مشتاحہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے طور پر بھی سرگرم تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ راحی مشتاحہ کے ہمراہ مارے گئے دیگر دو اعلیٰ عہدیداروں میں حماس کے وزیر دفاع سمیح السراج اور ان کے نائب سامی عودیہ شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سمیع السراج کے پاس حماس کے سیاسی بیورو کے سیکیورٹی کا قلمدان تھا جب کہ سامی عودح کے پاس حماس کی جنرل سیکورٹی کی حکمت عملی کے ذمہ دار تھے۔

حماس نے اپنے عملاً وزیراعظم اور دو وزرا کی شہادت کے اسرائیلی دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔