لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گےوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

اگر پنجاب ہماری گندم بند کرسکتا ہے تو خیبرپختونخوا اس کی بجلی بھی بند کرسکتے ہیں، پرویز خٹک


ویب ڈیسک July 16, 2014
ہم اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی، گیس اور تیل پیدا کررہے ہیں لیکن ہمیں نہ تو بجلی ملتی ہے نہ ہی گیس ، پرویز خٹک فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر صوبے کو اس کا حق نہ ملا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔

پشاورمیں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلا روک ٹوک فراہمی ہمارا حق ہے جو ہمیں نہیں مل رہا۔ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی، گیس اور تیل پیدا کررہا ہے لیکن ہمیں نہ تو بجلی ملتی ہے نہ ہی گیس دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا 3ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے اور صوبے کی ضرورت 2ہزار 400 میگا واٹ ہے، اس طرح ہم اپنی ضرورت سے 900 میگا واٹ بجلی زیادہ پیدا کرتے ہیں۔ کوٹے کے تحت صوبے کو 2ہزار میگا واٹ ملنی چاہیئے تھی لیکن ہمیں صرف 13سو میگا واٹ مل رہی ہے۔ خیبر پختونخوا 4 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کرکے مرکز کو دے رہا ہے لیکن اس کے عوض ہم مرکز سے 16 سے 18 روپے فی یونٹ بجلی کی خرید رہے ہیں۔

پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ اگر واپڈا نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو صوبائی حکومت ان کو دی گئی سیکیورٹی واپس لے لے گی۔ صوبائی حکومت کا کام سسٹم کو اپ گریڈ کرنا نہیں یہ ذمہ داری وفاق کی ہے۔ اگرایک ہفتے کے اندر اندر 5 گرڈ اسٹیشنز کے لئے 3 ارب روپے منظور نہ کئے تو نتائج کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی۔ اگر پنجاب ہماری گندم بند کرسکتا ہے تو ہم اس کی بجلی بھی بند کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں