کوئٹہ میں باراتیوں کی بس کو حادثہ 7 افراد جاں بحق اور 37 زخمی

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل، 7 کی حالت تشویشناک، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

فوٹو فیس بک

بلوچستان کے دارالحکومت کے بروری بائی پاس پر باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق باراتیوں کی بس کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں کابروری بائی پاس پر ایک موڑ کاٹتے وقت گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوئی اور کئی فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق واقعے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔


بلوچستان حکومت نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے۔ صوبائی حکومت نے زخمیوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کیے اور بتایا کہ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بروری بائی پاس بس حادثے پر اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے ، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ، کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو زخمیوں کی بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور لواحقین سے تعزیت بھی کی۔

 
Load Next Story