پنجاب میں الیکشن ٹریبیونلز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اکتوبر 2024
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 8 الیکشن ٹریبیونلز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا—فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 8 الیکشن ٹریبیونلز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا—فوٹو: فائل

 لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کی انتخابی عذرداریوں کے لیے 8 الیکشن ٹریبیونل کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے لیے تشکیل دیے گئے 8 الیکشن ٹریبیونلز میں موجودہ اور ریٹائرڈ ججوں کو شامل کیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ جوں کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مشاورت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شیخوپورہ، ننکانہ، سیالکوٹ، وزیرآباد اور لاہور کے چند حلقوں کے لیے جسٹس سلطان تنویر احمد، لاہور کے دیگر حلقوں کے لیے جسٹس ریٹائرڈ رانا زاہد محمود اور چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور حافظ آباد کے لیے جسٹس محمد اقبال چوہدری پر مشتمل ٹریبیونلز تشکیل  دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاک پتن اور وہاڑی کے لیے جسٹس انور حسین، گجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور نارووال کے لیے جسٹس ریٹائرڈ محمود مقبول باجوہ، ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، تونسہ، راجن پور، کوٹ ادو اور لیہ کے لیے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر، بہاولپور، بہاول نگر، رحیم یار خان، لودھراں اور مظفرگڑھ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ ظفر اقبال اور راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، مری اور چکوال کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عبدالشکور پراچہ پر مشتمل ٹریبیونل تشکیل دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔