کراچی: مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 3 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ٹریفک ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت 60 سالہ انیس علی کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری تھی۔

نیشنل ہائی وے رزاق آباد ٹریننگ سینٹر گیٹ نمبر ایک کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ عدنان کے نام سے کی گئی۔

سائٹ ایریا غنی چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 37 سالہ ساجد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لیجائی گئی۔

چھیپا حکام نے بتایا کہ متوفی راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے دریں اثنا شیر شاہ سے گلبائی جاتے ہوئے نامعلوم راہگیر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 55 سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔