وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کا قیدی مار دھاڑ چاہتا ہے، علی امین فساد پھیلانے آ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کرینوں، لفٹر، سرکاری وسائل و سرکاری ملازمین کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے آرہے ہیں۔ کیا اس قسم کی مشینری کے ساتھ سیاسی جدوجہد ہوتی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ علی امین سیاسی شو کے لیے نہیں بلکہ فساد پھیلانے آرہے ہیں۔ ان کی پلاننگ ہے کہ لاشیں گریں اور انہیں کیش کرایا جائے۔ سیاسی لوگ سیاسی جدوجہد کرتے ہیں لیکن یہ دہشت گرد جماعت ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب مکمل طور پر پرامن اور پرسکون حالات میں ہے۔صوبے کے لوگوں نے فتنہ فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ علی امین جو مشینری اسلام آباد چڑھائی کے لیے لا رہے ہیں وہ کے پی کے کے لوگوں کے لیے استعمال کیوں نہیں ہوتی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو بھی قانون توڑے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذم ے داری ہے۔ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ پاکستان کے انٹرنیشنل کمیونٹی سے تعلقات دوبارہ بحال ہو رہے ہیں۔ پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے والے دوبارہ یہی حربے استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھے قیدی کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی پسند نہیں۔ اڈیالہ جیل کا قیدی پاکستان میں جلاؤ گھیراؤ اور مار دھاڑ چاہتا ہے۔ پاکستان کے عوام اس کی حقیقت جان چکے، یہ ایک فتنہ ہے۔