حکومت سندھ کی گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کی تیاریاں مکمل

شرجیل میمن کی گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت


ویب ڈیسک October 04, 2024
فائل فوٹو

حکومت سندھ نے گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی، وفاقی حکومت دسمبر 2024 میں گرین لائن بس سروس سندھ حکومت کے حوالے کرے گی۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال حکیم دایو، سی ای او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن اور دیگر نے شرکت کی۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کو گرین لائن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں گرین لائن منصوبے کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں جاری آپریشنز، یوٹیلیٹی سروسز اور گرین لائن بس سروس کے لیے سبسڈیز پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا ایک اہم جزو ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن منصوبہ دسمبر 2024 میں حکومت سندھ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ چاہتے ہیں کہ گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والا منصوبہ دسمبر 2024 سے پہلے ہی مکمل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن کے آپریشنز کے لیے 2 ارب کی سبسڈی دی جا رہی ہے جس پر حکومت سندھ نظرثانی کرے گی، گرین لائن منصوبہ وفاق سے حکومت سندھ کو منتقل ہونے کے بعد شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ مزید موثر اور بہتر بنانے کے لیے اس میں مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔

سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے سے جاری حکومت سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی وجہ سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کراچی کا دیرینہ مسئلہ رہا ہے، چاہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں