گووندا ہیرو نمبر 1 ہیں گولی بھی اُن کا کچھ نہیں کرسکی اہلیہ سنیتا آہوجا

اداکار کو آج اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا

گووندا اپنی ہی ریوالور سے چلی حادثاتی گولی سے زخمی ہوگئے تھے : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کے مقبول اداکار گووند ارجن آہوجا المعروف گووندا کو گولی کے زخم کے علاج کے بعد آج اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے اسپتال کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گووندا کو آج دوپہر ممبئی کے اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر منتقل کردیا جائے گا۔

سنیتا آہوجا نے کہا کہ ڈاکٹروں نے گووندا کو 6 ہفتے تک گھر میں مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی ہے، لہٰذا ہم زیادہ لوگوں کو گووندا سے ملنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ انفیکشن کا خطرہ ہے۔

اداکار کی اہلیہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ گووندا اتنے سال ناچے ہیں، اب اُن کے لیے گھر پر رہ کر تھوڑا آرام کرنا بھی ضروری ہے۔


اُنہوں نے کہا کہ میں اس واقعے کے بعد بہت ڈر گئی تھی لیکن مجھے یقین تھا کہ گووندا کو کچھ نہیں ہوگا کیونکہ وہ فلمی دُنیا کی طرح اصل زندگی میں بھی ہیرو نمبر ون ہیں، گولی بھی اُن کا کچھ نہیں کرسکی اور چُھو کر نکل گئی۔

مزید پڑھیں: اپنی ہی پستول سے زخمی ہونیوالے گووندا کی صحت اب کیسی؟ اہلیہ کا بیان آگیا

سنیتا آہوجا نے مزید کہا کہ ہم سب کی دُعا ہے کہ گووندا جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں، اُن کو مفید غذا دیں گے، اُنہیں تندرست کرکے دوبارہ ڈانس کروائیں گے۔

واضح رہے کہ گووندا کے ساتھ فائرنگ کا واقعہ ان کے گھر میں پیش آیا تھا کہ جب ریوالور الماری میں رکھتے ہوئے اچانک گر گئی تھی اور فائر ہو گیا تھا جو اداکار کی ٹانگ پر لگ گیا تھا۔

گووندا کو ایمرجنسی میں ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا، اداکار کی ٹانگ میں 8 سے 10 ٹانکے لگے۔
Load Next Story