کیا پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتی ہے شیری رحمان
ملائیشین وزیراعظم کی دارالحکومت میں موجودگی کے باوجود اسلام آباد پر یلغار کا اعلان قابل مذمت ہے، شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک اںصاف کے اسلام آباد میں دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورا منسوخ ہوا تھا، کیا یہ اب شنگھائی تعاون تنظیم کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں؟
تحریک انصاف کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ آج پھر تحریک انتشار کی مظاہروں اور جلسوں کی وجہ سے اسلام آباد کا پہیہ بند ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کی وفاقی دارالحکومت میں موجودگی کے باوجود اسلام آباد پر یلغار کا اعلان قابل مذمت ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اسی ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس ہونا ہے، اس صورتحال میں اسلام آباد میں بدامنی اور انتشار پیدا کر کے تحریک انصاف عالمی دنیا کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ تحریک انصاف ملکی مفادات کو اپنی سیاست کے نظر کر رہی ہے۔
سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کال دیتا ہے اور خیبر پختونخوا کی حکومت یلغار کے لیے نکل پڑتی ہے، اسلام آباد اور لاہور میں لوگوں کی عدم شرکت کے بعد تحریک انصاف کو احتجاج کی سیاست چھوڑ کر خیبر پختون خوا میں اپنی حکومت پر توجہ دینی چاہیے تھی۔ کی پی حکومت اپنا تماشہ بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے۔