پی ٹی آئی احتجاج؛ عمران خان کی دونوں بہنیں ڈی چوک سے گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اکتوبر 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو  ڈی چوک سے گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کارکنان  ڈی چوک پہنچنا شروع ہوگئے، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی احتجاج میں شرکت کے لیے ڈی چوک پہنچی تھیں جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج؛ برہان انٹرچینج اور ڈی چوک پر پولیس کی شیلنگ، متعدد کارکنان گرفتار

اس کے علاوہ پولیس نے ڈی چوک پہنچنے والے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ پولیس نے ٹولیوں کی صورت میں پہنچنے والے کارکنان کو منتشر کرنے کیلیے شیلنگ کی۔ اس کے علاوہ  فیض آباد اور مری روڈ پر پیش قدمی روکنے کیلیے شدید شیلنگ بھی کی جس کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے ڈی چوک سے مرد اور خواتین کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مزید مظاہرین کی حراست کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے چونگی نمبر 26 اور راولپنڈی سے بھی تحریک انصاف کے کارکنان کو گرفتار کیا اس کے علاوہ برہان انٹرچینج کے قریب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے پر بھی پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔