وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، حکومت کی گورنر راج کی تردید

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اکتوبر 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے جبکہ حکومتی ذرائع نے کے پی میں گورنر راج لگانے سے متعلق خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

ایکسیریس نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں گورنر کے پی کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے کی سیکورٹی اور امن وامان کی صورتحال پر بریف کیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے وفاق کی جانب سے صوبے میں دلچسپی نہ لینے اور غیر سنجیدگی کا وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو تحریک انصاف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کے ذرائع کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مرکز سے ملنے والے فںڈز صوبائی حکومت عوام کی بجائے مرکز ہی کے خلاف احتجاجی سیاست پرخرچ کررہی ہے، مرکز صوبے کو مالی وسائل کی فراہمی کرے تاہم ان کے استعمال کاطریقہ کار بھی بنایاجائے تاکہ پیسہ عوام پرخرچ ہو۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج؛ وزیراعلیٰ گنڈا پور کا قافلہ اسلام آباد سے 65 کلومیٹر دور، اگلا ایک گھنٹہ اہم قرار

انہوں نے زور دیتے ہوئے وزیراعظم سے کہا کہ صوبے میں بڑے منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے، مرکز ہمارے سر پر ہاتھ رکھے توعوام اور مرکز میں قربتیں پیدا ہوں گی کیونکہ صوبے کے عوام  پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ مرکز نے جو بھی ذمہ داری دی نبھانے کے لیے تیار ہوں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر وزیراعظم اور گورنر کی ملاقات کے بعد صوبے میں گورنر راج لگانے کی افواہیں زیر گردش ہوئیں جس پر حکومتی ذرائع نے وضاحت کی کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔