وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

یوم علیؓ کے روز کراچی میں فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ


ویب ڈیسک July 16, 2014
پولیس 21 رمضان المبارک کو یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائے،سید قائم علی شاہ، فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلا تفریق کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے 12 ہزار پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے،جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا جائے گا اور جلوسوں کو کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے مانیٹر بھی کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں یوم علیؓ کے روز شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس 21 رمضان المبارک کو یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسے بلا تفریق کارروائیوں کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کراچی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یوم علیؓ کے موقع پر 20 سے 22 رمضان تک پہلے ہی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں