فلپائن میں سمندری طوفان سے 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی لاکھوں بے گھر

سمندری طوفان فلپائن کے کئی شہروں میں تباہی مچاتا ہوا منیلا میں داخل ہوا جس کے نتیجے میں متعدد گھر تباہ پوگئے


Reuters July 16, 2014
طوفان کی وجہ سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ دارالحکومت میں بھی کافی تباہی ہوئی۔ فوٹو اے ایف پی

فلپائن میں سمندری طوفان ''رماسن'' نے 10 افراد کی جان لے لی جبکہ اس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشرقی صوبے ''ایلبے'' سے اٹھنے والا سمندری طوفان فلپائن کے بڑے جزیرے ''لوزون'' میں تباہی مچاتے ہوئے دارالحکومت منیلا میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں، طوفان کی وجہ سے لوزون میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، دارالحکومت میں بھی طوفان نے کافی تباہی مچائی جس کے باعث سرکاری دفاتر، کاروباری مراکز اور تعلیمی اداروں کو بند کرنا پڑا۔

مقامی حکام کے مطابق طوفان کے باعث پیدا ہونے والی تیز ہواؤں سے دیگر متاثرہ صوبوں میں متعدد گھر تباہ ہوگئے جن کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک تقریباً 4 لاکھ افراد کو حفاظتی مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی ''ہیان'' نامی سمندری طوفان نے فلپائن میں بڑی تباہی مچائی تھی اور کئی صوبوں کو متاثر کرنے والے اس طوفان سے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |