قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھیجے گئے ٹیکس نوٹسز واپس لے لیے گئے

ایف بی آر نے گزشتہ دنوں کپتان مصباح الحق کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد بھیجے گئے ٹیکس نوٹسز کو واپس لیا


ویب ڈیسک July 16, 2014
ایف بی آر نےمصباح الحق کو 39،محمد حفیظ 36،عمر اکمل 26 اور اظہر علی کو 25 لاکھ روپے ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کی تھی،فوٹو:فائل

کپتان مصباح الحق کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات رنگ لے آئی ایف بی آر کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس کی وصولی کے لئے بھیجے گئے نوٹس واپس لے لیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس کی وصولی کے لئے بھیجے گئے نوٹسز کو واپس لے لیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کے نوٹسز واپس لیے گئے ہیں ان میں کپتان مصباح الحق،محمد حفیظ،عمر اکمل اور اظہر علی شامل ہیں۔

کھلاڑیوں سے ٹیکس وصولی کے لئے ایف بی آر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس جاری کیا تھا جس کے مطابق ان کو پی سی بی سے ملنے والی آمدن سے ریکوری ہونا تھی تاہم گزشتہ دنوں کپتان مصباح الحق کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد ان نوٹسز کو اب واپس لے لیا گیا ہے جبکہ نوٹس کی واپسی کے بعد منجمد کئے گئے کرکٹر عمر اکمل کے بینک اکاؤنٹس کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس کے لئے نوٹس جاری کیے تھے جس میں کپتان مصباح الحق کو 39،محمد حفیظ 36،عمر اکمل 26 اور اظہر علی کو 25 لاکھ روپے ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی جس کےبعد کپتان مصباح الحق نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرکے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ایف بی آر سے معاملات طے کرانے کی درخواست کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔