پی ٹی آئی دھرنا، علی امین گنڈا پور کے کے پی ہاؤس میں انتظامیہ سے مذاکرات

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اکتوبر 2024
(فوٹو : کے پی ہاوس میں موجود رینجرز کی موبائلیں (فوٹو : ایکسپریس)

(فوٹو : کے پی ہاوس میں موجود رینجرز کی موبائلیں (فوٹو : ایکسپریس)

  اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے علی امین گنڈا پور کو غیر قانونی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے تاہم شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ کی کے پی ہاؤس میں موجودگی اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کی ہے اس کے علاوہ تحریک انصاف نے پلان بی کے تحت اعظم سواتی کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی جو ساتھ قیدی وین بھی لائی گئی، پولیس اور رینجرز کے پی ہاؤس میں داخل ہوئی جس کے بعد علی امین کو گرفتار کرنے کی خبریں سامنے آئیں اور کہا گیا کہ آئی جی  اسلام آباد نے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسی کے ساتھ حکومتی ذرائع نے گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ کئی گھنٹوں کے بعد شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ کی کے پی ہاؤس میں موجودگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ اُن کے چیئرمین پی ٹی آئی کی موجودگی میں انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی، غیر قانونی مقدمات کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا موبائل نمبر بند جارہا ہے تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین کو گرفتار نہیں کیا گیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

یہ پڑھیں : اسلحہ برآمدگی کیس، علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے کے الزام پر قانونی کارروائی کا امکان ہے، علی امین گنڈا پور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

بیرسٹر گوہر کی کے پی ہاؤس آمد

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی خبر پر خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ کے پی کو غیرقانونی طور پر گرفتار کرلیا گیا، عمرایوب

پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے ایکس پر بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو کے پی ہاؤس اسلام آباد سے غیرقانونی طریقے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے خیبرپختونخوا کی حدور کی خلاف ورزی کی اور غیرقانونی گرفتاری کرلی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔

عمر ایوب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور آئین کی رو سے ریاست کا حصہ ہے، رینجرز، پولیس اور مسلح افواج بھی ریاست کا جزو ہیں اور سوال کیا کہ کیا پاکستان میں مارشل لا نافذ کردیا گیا ہے، یہ کارروائی اس فارم 47 حکومت کے خاتمے کی وجہ ہوگی۔

01

گنڈاپور گرفتار ہوئے تب بھی احتجاج جاری رہے گا، ترجمان پی ٹی آئی

‏مرکزی ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے بڑے لیڈر نہیں، اگر انہیں گرفتار کیا بھی جاتا ہے تو احتجاج کو ہرگز ملتوی نہیں کیا جائےگا بلکہ اسے اعظم خان سواتی لیڈ کریں گے، عمران خان پہلے ہی گرفتار ہیں مزید گرفتاریاں کوئی بڑی بات نہیں احتجاج جاری رکھیں گے۔

علی امین گنڈاپور کی عدم موجودگی میں اعظم سواتی احتجاج کی قیادت کریں گے، ذرائع

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی عدم موجودگی میں اعظم سواتی ڈٰ چوک پر مظاہرین کی قیادت کریں گے، اس حوالے سے اُن کا پارٹی قیادت کا رابطہ ہوگیا ہے۔ پلان بی کے تحت اعظم سواتی کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور وہ کچھ دیر میں ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، شیلنگ کے اثرات زائل

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے بعد پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے آنسو گیس کے اثرات زائل ہوگئے۔

بیرسٹر گوہر خیبرپختونخوا ہاؤس سے روانہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے روانہ ہوگئے، وہ ایک اہم معاملے پر یہاں پہنچے اور روانگی کے وقت صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا کو محصور کرنا جعلی حکومت کی شکست فاش ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کے پی ہاؤس کا محاصرہ احتجاج کی کامیابی کا ثبوت ہے، صرف علی امین گنڈاپور سے اتنا خوف ہے سوچیں اگر عمران خان باہر آگیا تو کیا حال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک علی امین سے جعلی حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہے، صبح سے خواجہ اصف، عطا تارڑ، شرجیل میمن اور دیگر درباری وزراء کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ حواس باختہ جعلی حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لئے فیڈریشن کو بھی سبوتاژ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر کارکن لیڈر ہے اور آئین کا علمبردار ہے، پی ٹی آئی کا ہر کارکن اب اس تحریک کا لیڈر بن چکا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہی کارکنان واپس جائیں گے، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماراخیال ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں ہی موجود ہیں لیکن تصدیق نہیں ہوپارہی، ہم کوشش کررہے ہیں کہ وزیر اعلی صاحب سے رابطہ ہوجائے تاہم راستوں کی بندش اور رکاوٹوں کی وجہ سے وہاں پہنچنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی تصدیق کے حوالے سے تھوڑاوقت دیں تاکہ وزیراعلی کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں، عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور  ان کی کال پر باہر نکلے ان کے کہنے پرہی واپس جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی وزیراعلیٰ کی کے پی ہاؤس میں موجودگی کی تصدیق

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا ہاؤس ہی میں ہی ہیں، بیرسٹرگوہر کی موجودگی میں وزیر اعلی نے انتظامیہ کومطالبات پیش کردیے ہیں، ہماراسب سے بڑامطالبہ بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین اورقانون کے نام پرہم سے جوزیادتیاں ہورہی ہیں ان کے خاتمے کامطالبہ اور  نام نہاد مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مطالبات پر انتظامیہ بھی غورکرے گی اورپی ٹی آئی کی کورکمیٹی بھی انتظامیہ کی باتوں پرغورکررہی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ عوام ڈی چوک سے جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔