پیپلز پارٹی کا جماعت اسلامی کے الاقصیٰ مارچ میں بھرپور شرکت کا اعلان

پیپلز سیکریٹریٹ سے ریلی کی صورت میں شاہراہ فیصل پر مارچ میں پہنچیں گے، نثار کھوڑو

فوٹو: ایکسپریس ویب

غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کے پروگرامات میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت نے کراچی اور لاہور میں پی پی رہنماؤں سے ملاقات کرکے 6 اور 7 اکتوبر کے غزہ سے متعلق پروگرامات کی باضابطہ دعوت دی جسے پیپلزپارٹی نے قبول کرلیا۔

کراچی میں جماعت اسلامی کے وفد نے محمد حسین محنتی کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور وقار مہدی سے کھوڑو ہاؤس میں ملاقات کی اور 6 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وفد کو یقین دلایا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 6 اکتوبر اتوار کو جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ فیصل پر ہونے والے الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کریں گے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کراچی سے تمام اضلاع کے رہنما و کارکنان صوبائی صدر نثار کھوڑو، وقار مہدی اور سعید غنی کی سربراہی میں کل 6 اکتوبر کو پیپلز سیکریٹریٹ سے ریلی کی صورت میں شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان جماعت اسلامی کے 7 اکتوبر کو غزہ یکجہتی پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔ غزہ، فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی مظالم اور جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ غزہ، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی روکتھام کے لئے کردار ادا کرے۔

دریں اثنا لاہور میں بھی جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے وفد کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل وسطی پنجاب سید حسن مرتضی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں 7 اکتوبر کو اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سرگرمیوں پر اتفاق رائے قائم کرنے کی تجویز پیش کی جسے پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت نے قبول کیا، ملاقات کے بعد جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سات اکتوبر کو پوری قوم کے ہاتھ میں صرف فلسطین کا پرچم ہو گا، اختلاف رائے رکھنے کے باوجود ہم فلسطین کاز کیلیے اکھٹے ہیں، انتشار کے ماحول میں دونوں جماعتوں کا قریب آنا بہت خوش آئند ہے، سات اکتوبر کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی۔

 
Load Next Story